لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے آج شام ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کی۔انتہائی گرمجوش اور دوستانہ گفتگو کے دوران، دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی ایران کے خلاف بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت کے بعد خطے کی انتہائی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق دونوں رہنما اس بات پر متفق ہوئے کہ اسرائیل کے فوجی حملوں نے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی ہے، جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی ہے، اور اس سے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ انہوں نے بہادر فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی بے باک فوجی جارحیت کی بھی مذمت کی، جو مکمل استثنیٰ کے ساتھ جاری ہے۔