دریائے سوات میں ڈوبنے والے سیالکوٹ کے رہائشی 14 سالہ عبداللہ کی لاش 21 روز بعد مل گئی۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق سوات میں فضا گٹ کے مقام پر دریا میں ڈوبنے والے 14 سالہ عبداللہ کی لاش غالیگے کے مقام سے مل گئی،
ترجمان ریسکیو نیاز محمد نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کے رہائشی عبداللہ اسلام کی لاش برآمد ہونے سے جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی۔
ترجمان کے مطابق نوجوان کی تلاش کے لیے دریائے سوات میں مسلسل سرچ آپریشن جاری تھا، لاش سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوان عبداللہ کی ہے، بچے کی لاش ضروری کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردی گئی۔
یاد رہے کہ 27 جون کو دریائے سوات میں 17 افراد ڈوب گئے تھے، جن میں سے 4 کو بچالیا گیا تھا اور 12 کی لاشیں ملیں تھی جبکہ 17 سالہ عبداللہ کی تلاش جاری تھی۔
متاثرہ افراد میں 10 کا تعلق سیالکوٹ، 6 کا مردان اور ایک شخص سوات کا رہائشی تھا۔
غم سے نڈھال لواحقین کا کہنا تھا کہ ریسکیو ادارے ڈیڑھ گھنٹے بعد آئے، ان کے پیارے ٹیلے پر پھنسے رہے ، ان کی آنکھوں کے سامنے بپھرا ریلا لوگوں کو بہا لے گیا۔