(25 جولائی 2025): راجستھان کے شہر جے پور میں نامور بھارتی کرکٹر نے نابالغ لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلورو کے فاسٹ بولر یش دیال کو کم عمر کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ ملزم پر 2023 میں نابالغ سے کئی بار بدفعالی کرنے کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ یہ معاملہ بھارتی کرکٹر کے خلاف ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں خاتون کی طرف سے جنسی زیادتی کی شکایت درج کروانے کے چند ہفتوں بعد آیا ہے۔
سانگنیر صدر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او انیل کمار جیمن نے دفعہ 64 کے تحت درج کی گئی ایف آئی آر میں یش دیال کی شناخت کی تصدیق کی جس میں جنسی جرائم سے بچوں کے تحفظ کے قانون کی متعلقہ دفعات کے ساتھ کم از کم 10 سال قید کی سزا شامل ہے۔
تازہ معاملے میں الزام لگایا گیا ہے کہ یش دیال نے پہلے بار 2023 میں 17 سالہ لڑکی کو جنسی ہوس کا نشانہ بنایا جبکہ اسی سال اپریل میں جے پور کے ایک ہوٹل میں دوبارہ ایسا ہی کیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ تقریباً دو سال قبل متاثرہ لڑکی نابالغ تھی، یش دیال نے اسے کرکٹ کیریئر بنانے میں مدد کی پیشکش کرنے کے بہانے متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال یش دیال نے جے پور میں آئی پی ایل ڈیوٹی کے دوران متاثرہ لڑکی سے دوبارہ رابطہ کیا، اسے ہوٹل میں بلا کر اس کی عصمت دری کی۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ تفتیش کار اس کیس پر کام کر رہے ہیں جبکہ اس کا تفصیلی بیان ریکارڈ کرنے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ الہ آباد ہائیکورٹ نے غازی آباد کیس میں یش دیال کی گرفتاری 15 جولائی 2025 تک روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگلی سماعت تک ملزم کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔