اسلام آباد (25 جولائی 2025): وفاقی حکومت نے موسمیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کیلیے ملک میں الیکٹرک بائیک اور موٹرسائیکل کو فروغ دینے کیلیے اہم اقدام اٹھایا ہے۔
حکومت کی الیکٹرک بائیک اسکیم 2025 پاکستان کے ٹرانسپورٹیشن منظر نامے کو تبدیل کرنے کیلیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگی جس کی غیر حتمی معلومات یہاں پیش کی جا رہی ہیں۔
لانچ کی تاریخ
الیکٹرک بائیک اسکیم کے باضابطہ آغاز کا اعلان 14 اگست کو وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے یوم آزادی کی تقریبات کے دوران متوقع ہے۔
یہ اقدام ایک پائیدار مستقبل اور ایندھن پر مبنی ٹرانسپورٹ پر انحصار کم کرنے کیلیے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
سبسڈی اور بجٹ مختص
اس اسکیم کے تحت حکومت نے موجودہ بجٹ میں الیکٹرک بائیک کو سپورٹ کرنے کیلیے 9 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ ہر الیکٹرک بائیک پر 65,000 روپے کی سبسڈی دی جائے گی جس سے یہ عام لوگوں کی پہنچ میں آ جائیں گی۔
سبسڈی کے بعد باقی کی رقم بلاسود بینک قرضوں کے ذریعے ادا کی جا سکے گی جس سے شہریون پر مالی بوجھ کم ہوگا۔
قسط اور رجسٹریشن کا عمل
الیکٹرک بائیک اسکیم کیلیے رجسٹریشن آن لائن کی جائے گی تاکہ رسائی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور شہری فائدہ اٹھا سکیں۔
درخواست دہندگان کی تعداد دستیاب کوٹہ سے زیادہ ہونے کی صورت میں مستفید ہونے والوں کو حتمی شکل دینے کیلیے بیلٹنگ کا عمل منعقد کیا جائے گا۔
حکومت کا ہدف ہے کہ 2030 تک سڑکوں پر کم از کم 20 لاکھ الیکٹرک بائک موجود ہوں۔ مزید برآں، 53,950 الیکٹرک رکشے، 99,155 کاریں، 2,238 بسیں اور 2,996 ٹرک اہداف میں شامل ہیں۔