اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)علمائے کرائم نے ماں اور بچے کی صحت کیلئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ لازم قرار دےدیا۔دوران اجلاس علماء کا مؤقف تھا کہ شرعی اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ بچوں کی صحت کے تناظر میں والدین کا فرض منصبی بنتا ہے، ہاں یہ بات پیش نظر رہے کہ کوئی غیر شرعی طریقہ اختیار نہ کیا جائے اور نہ کوئی ایسا طریقہ اختیار کیا جائے جس کے طبی نقصانات ہوں۔
نجی ٹی وی چینل’’ جیو نیوز ‘‘کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل اور پاپولیشن کونسل کے اشتراک سے ’’اسلام میں تصور میزان و احسان ، وسائل وآبادی میں توازن، ہماری بقاء، ہمارا مستقبل‘‘ کے موضوع پر جید علماء کے ساتھ ایک روزہ مشاورتی اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کی۔